خبرنامہ انٹرنیشنل

یورپی یونین کے تقسیم ہونے کا خطرہ موجود ہے:صدر یورپین کونسل

برسلز ۔ (اے پی پی) یورپین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی جانب سے یورپی یونین میں اصلاحات کے مطالبے پر ہونے والے مذاکرات انتہائی نازک مرحلے میں ہیں اور یورپی یونین کے تقسیم ہونے کا خطرہ موجود ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جمعرات سے شروع ہونے والے یورپی یونین کے رہنماؤں کے دو روزہ اجلاس سے قبل ڈونلڈ ٹسک اس وقت یورپی ممالک کے دورے پر ہیں۔رومانیہ اور فرانس کے صدور سے ملاقاتوں کے بعد بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 28 ممالک کے اتحاد میں برطانیہ کے مستقبل پر ہونے والے مذاکرات مشکل لیکن انتہائی اہم تھے۔ڈونلڈ ٹسک نے کہا کہ یہ نازک لمحہ ہے اور ہم نے اپنے دلائل سے زیادہ ایک دوسرے کے دلائل سننے شروع کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ فطری بات ہے کہ مذاکرات میں جیسے جیسے ہم اہم لمحے کے قریب ہوتے جاتے ہیں تو صورتحال مشکل ہو جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات تعطل کا شکار ہونے کا خطرہ موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ طریقہ کار بہت کمزور ہے اور اس سے بہتر انداز میں نمٹنا ہوگا۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹسک جو کہ ان مذاکرات کی نگرانی کر رہے ہیں نے یورپی رہنماؤں سے درخواست کی ہے کہ اس صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹا جائے۔