خبرنامہ انٹرنیشنل

یورپی یونین کے سفیروں کا ترک قومی اسمبلی کا دورہ

انقرہ۔:(اے پی پی) یورپی یونین کے رکن ملکوں کے سفیروں نے ترک قومی اسمبلی کا دورہ کیا ۔ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق یورپی یونین کے سیفروں نے15 جولائی کی بغاوت کی کوشش کے دوران بمباری سے متاثرہ حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے وہاں پر پھول رکھے اور بعد ازاں انہوں نے سپیکرِ قومی اسمبلی اسماعیل قاہرامان سے ملاقات کی۔اس دوران بغاوت کی شب کے واقعات کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے قاہرامان کہا کہ ان کٹھن حالات میں یورپ نے ہمیں تنہا چھوڑدیا ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترک عوام نے اس سلسلے کے دوران نہ صرف مغربی میڈیا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ یورپی سیاستدانوں کے اپنی اقدار سے متضاد مؤقف کا مظاہرہ کرنے کا مشاہدہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین نے جمہوری اقدار کی پاسداری کرنے والے ترکی سے تعاون کرنے کے بجائے ترک قوم کو تنہا چھوڑنے کو ترجیح دی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین کے رکنیت کے حصول کے لیے لازمی مذاکرات کے لیے یک طرفہ مؤقف کے بعد اب اس میں ناکام فوجی بغاوت کے خلاف مشکوک رویہ بھی شامل ہو گیا ہے۔ سپیکر نے کہا کہ اس خونی بغاوت کی کوشش کے پیچھے فتح اللہ گؤلن اوراس سے وابستہ عناصر کا ہاتھ ہونے کے معاملے میں ہمیں کوئی شک و شبہ نہیں۔ اس موقع پر یورپی سفیروں نے بغاوت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا اس واقع کے فوراً بعد پارلیمنٹ کا اجلاس اور تمام سیاسی جماعتوں کا متحد ہونا ایک انتہائی اہم امر تھا۔ جو کہ ترک جمہوری اداروں کے عزم و پختگی کا واضح مظہر ہے۔