خبرنامہ انٹرنیشنل

یورپ بھی شامی مہاجرین کا بوجھ برداشت کرے:ترک وزیراعظم

انقرہ:(اے پی پی) ترکی کے وزیراعظم احمد داؤد اوگلو نے کہا ہے یورپ بھی شامی مہاجرین کا بوجھ برداشت کرے۔ عالمی میڈیا کے مطابق یورپی کونسل پارلیمنٹرین اسمبلی کے اجلاس سے ترکی زبان میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم احمد داؤد اوگلو نے کہا کہ ترکی کے دروازے اور دل معصوم اور مظلوم انسانوں کے لیے پوری طرح کھلے ہیں۔انہوں نے کہا ہم نے شامی پناہ گزینوں کے لیے جو کچھ کیا ہے وہ ہم نے تعریف کے لیے نہیں کیا ہے۔تر کوزیراعظم نے کہا ہے کہ مغربی ممالک شامی باشندوں کا بوجھاٹھانے سے گریز کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب گلوبلائزیشن کا سلسلہ جاری ہے،انصاف اور نرم دلی کو بھی عالمی سطح پر پھیلانے کی ضرورت ہے۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں دنیا میں کہیں بھی انصاف اور آزادی اور نہ ہی تحفظ کا کوئی تصور باقی رہے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب اور نسل نہیں ہے۔ دہشت گردی کا مذہبِ اسلام سے کوئی ناطہ جوڑنا نا انصافی اور اسلام کے ساتھ ظلم ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں انقرہ اور استنبول میں ہونے والے دہشت گردی کے حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے کرنے والوں کے بارے میں دنیا بھر کو معلوم ہے لیکن دنیا دہشت گرد تنظیم داعش اور دہشت گرد تنظیم پی کے کے اور پی وائی ڈی کے بارے میں بڑا مختلف رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔وزیراعظم احمد داؤد نے یورپی کونسل کی نگرانی میں نسل پرستی اور غیر ملکی دشمنی کے خلاف جدو جہد کے لیے ایک پلیٹ فارم قائم کرنے کی بھی ضرورت پر زور دیا ہے۔