خبرنامہ انٹرنیشنل

یورپ میں داعش کی موجودگی پر تشویش کا اظہار

واشنگٹن – (اے پی پی) یورپ میں داعش کی موجودگی پر تشویش کا اظہارکیا جارہاہے۔امریکی عہدیدار نے نام ظاہر کیے بغیر امریکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اب یہ اور بھی واضح ہوتا جا رہا ہے کہ داعش کی یہاں جڑیں گہری ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شدت پسند ان ملکوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جو داعش کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ دوسری جانب مغربی حکام کا اندازہ ہے کہ یورپ میں 3 ہزار سے زائد ایسے لوگ دہشت گرد نیٹ ورکس کے ساتھ کسی نہ کسی سطح پر ملوث ہیں اور اس بات پر خاصی تشویش ہے کہ داعش کے پاس خاصا وقت ہے کہ وہ ان لوگوں کو اپنے انداز میں ڈھال سکے۔ سابق انٹیلی جنس افسر اور مختلف ممالک اور تنظیموں کو اسٹریٹیجک سکیورٹی انٹیلی جنس فراہم کرنے والے گروپ سوفان سے وابستہ پیٹرک سکنر کاکہنا ہے کہ “برسلز حملے اس بات کی جانب اشارہ ہو سکتے ہیں کہ عبدالسلام کی گرفتاری اختتام نہیں اور اب بھی ایسے کافی سیلز اور چھوٹے گروپ موجود ہیں جو کہ خطرہ ہیں۔انھوں نے کہا کہ اگر داعش کے سیلز اب کارروائی کے لیے دباؤ محسوس کر رہے ہیں تو ان کے خیال میں یہ تشویش کا باعث ہے۔