ماسکو۔(ملت آن لائن) روسی صدرولادیمرپیوٹن نے کہا ہے کہ یورپ میں نئے میزائلوں کی تنصیب کی صورت میں روس بھی اس کا اسی شکل میں جواب دیا جائے گا ۔ صدر پیوٹن نے اٹلی کے وزیر اعظم گیوسیپے کونتے کے ساتھ ملاقات کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں امریکا کے “درمیانی مسافت کے جوہری میزائل سمجھوتے ” سے دستبردار ہونے سے متعلق صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ یورپ میں نئے میزائلوں کی تنصیب کی صورت میں روس بھی اس کا اسی شکل میں جواب دیا جائے گا۔پیوٹن نے کہا ہے کہ اس سے قبل امریکا نے اینٹی بیلسٹک میزائل سسٹم سمجھوتے کو ختم کیا اور اب درمیانی مسافت کے جوہری میزائل سمجھوتے کو ختم کر دیا ہے جس پر ہمیں تشویش کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سب سمجھوتے ختم ہونے سے اسلحے کی پیداوار کو محدود کرنے والی کوئی چیز موجود نہیں رہے گی۔ ایسی صورتحال میرے خیال میں نہایت درجے خطرناک ہو گی کیونکہ اس کے بعد اسلحے کی اندھا دھند دوڑ شروع ہو جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اصل سوال یہ ہے کہ یہ جو نئے میزائل سامنے آئیں گے ان کے ساتھ یورپ کیا کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان میزائلوں کو یورپ کے حوالے کیا جاتا ہے تو قدرتی طور پر ہم بھی ایسا ہی جواب دینے پر مجبور ہو جائیں گے۔