خبرنامہ انٹرنیشنل

یورپ کا شیرازہ بکھرسکتاہے، جرمن وزیرخارجہ

برلن۔:(اے پی پی) جرمنی کے وزیرخارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر نے اپنے ایک مقالے میں جو روس ، بیلاروس اور یوکرین کے اخبارات میں شائع ہواہے خبردار کیاہے کہ ہم آج بھی یہ نہیں کہہ سکتے کہ یورپ میں پوری طرح امن قائم ہے۔ جرمن وزیرخارجہ نے جزیرہ نما کریمیا کے روس سے الحاق کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ یکطرفہ طور پرسرحدوں کی تبدیلی، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور ہمسایہ ملکوں کی ارضی سالمیت کی پامالی ہے اور یہ صورتحال ہمیں ماضی کی جانب لے جارہی ہے ۔ انہوں نے یوکرین کے سبھی متحارب فریقوں سے کہا کہ وہ مذاکرات کی میز پرآئیں اور اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کریں۔ واضح رہے کہ یوکرین میں سیاسی بحران اور خانہ جنگی پیدا ہونے کے بعد دوہزار چودہ میں جزیرہ نمائے کریمیا کے عوام نے ایک ریفرنڈم کے ذریعے روس کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کیا تھا ۔ اس واقعے کے بعد امریکا اور یورپی یونین نے روس پر یوکرین کے بحران کو ہوادینے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس پر پابندیاں عائد کردی تھیں جبکہ روس نے ان پابندیوں کو بلاجواز بتاتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کا بحران مغربی ملکوں نے پیدا کیا ۔روس کا کہنا ہے کہ مغرب اس ملک میں اپنی مرضی کی حکومت برسراقتدار لانے کی کوشش کررہا تھا اور اسی وجہ سے یہ بحران پیدا ہوا۔