خبرنامہ انٹرنیشنل

یونان نے ٹیکس اور پینشن اصلاحات کی منظوری دے دی

ایتھنز(آن لائن)یونان نے ٹیکس اور پینشن اصلاحات کی منظوری دے دی،متنازع بچت کے اقدامات کے ذریعے ملک میں مزید بین الاقوامی بیل آؤٹ پیسے کی راہ ہموار ہوگی۔ قرض خواہوں کے ساتھ مزید اصلاحات کی ضرورت پر ہونے والے تنازع کے بعد یونان چار ارب پاؤنڈز قرضے کی اگلی قسط حاصل کرنے میں ناکام رہا تھا۔دارالحکومت ایتھنز میں پارلیمان کے باہر مشتعل ہجوم نے پولیس پر پٹرول بم پھینکے جس کے جواب میں پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یونان کی پارلیمان میں ارکان پارلیمان کے درمیان پینشن اور ٹیکسوں کے اصلاحاتی پیکج پر دو دن تک بحث جاری رہی۔ایتھنز میں ہزاروں افراد نے مظاہرے کیے جن میں سے زیادہ تر پر امن رہے۔ لیبر یونین نے مجوزہ اقدامات کے خلاف بطور احتجاج ہڑتال کی کال بھی دی تھی۔تین روزہ عام ہڑتال کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ مفلوج اور سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ ذرائع ابلاغ سست روی کا شکار رہے۔وزیراعظم ایلکسس تسیپراس کو اصلاحاتی پیکج کی منظوری دینے کے لیے خاطر خواہ ووٹ حاصل ہوئے۔ان اقدامات کے تحت بعض پینشن کی ادائیگیوں میں کمی، کئی پینشن فنڈز کو ضم کرنا، سوشل سکیورٹی کے حصے میں اضافہ اور زیادہ یا درمیانی آمدن والوں کے لیے ٹیکسوں میں اضافہ کیا جائے گا۔گذشتہ سال یونان انتہائی سخت شرائط کے ساتھ 86 ارب یورو کے نئے قرض کے معاہدے کے لیے تیار ہو گیا تھا۔عالمی مالیاتی فنڈ یعنی آئی ایم ایف اور دیگر یورپی ممالک یونان سے مزید خرچ میں کمی کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ وہ چار ارب یورز کی اضافی بچت کر سکے۔#/s#