خبرنامہ انٹرنیشنل

یو اے ای میں 1 کروڑ 20 لاکھ درہم جیتنے والا خوش قسمت جوڑا

یو اے ای میں 1 کروڑ 20 لاکھ درہم جیتنے والا خوش قسمت جوڑا

ابوظہبی:(ملت آن لائن) قسمت کی دیوی جب کسی پر مہربان ہوتی ہے تو غریب سے غریب تر انسان کی بھی تقدیر بدل جاتی ہے اور ایسا ہی اس بھارتی جوڑے کے ساتھ ہوا جن کا دو بار ناکامی کے بعد تیسری باری میں 12 ملین درہم کی لاٹری میں انعام نکل آیا۔ ابوظہبی میں بھارتی نژاد شخص اُس وقت ہکا بکا رہ گیا جب اُسے فون پر 12 ملین درہم کی لاٹری نکلنے کی خبر سنائی گئی اور وہ سمجھا کہ کوئی اس سے مذاق کررہا ہے۔ بارہ ملین (ایک کروڑ 20 لاکھ ) درہم جیتنے والے ہری کرشن نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب مجھے خاتون نے انعامی لاٹری نکلنے کا بتایا تو ابتداء میں مجھے لگا کہ کوئی مجھ سے مذاق کر رہا ہے جس کے بعد میں نے خاتون کو فون ہولڈ کراکے اپنی اہلیہ کو کال کرکے تصدیق کرنے کا کہا جس کے بعد انہوں نے اپنے آفس سے تصدیق کرکے مجھے حیران کردیا۔ ہری کرشن نے کہا کہ یہ لاٹری ان کی پہلی کوشش نہیں تھی بلکہ اس سے قبل بھی دو بار ٹکٹ خرید کر ناکام رہا لیکن تیسری بارقسمت نے مہربانی کرکے وارے نیارے کردیے جس کے بعد سے عزیز و اقارب اور دوستوں کی طرف سے مبارک باد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ ہری کرشن کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ 12 ملین درہم (بھارتی 20 کروڑ روپے) جیت کر بہت خوشی ہو رہی ہے ہمیں گھومنے پھرنے کا بہت شوق ہے اور اتنی بڑی رقم کو بچوں کی تعلیم اور دیگر ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے بعد کھانے پینے اور سیاحت پر خرچ کریں گے۔