خبرنامہ انٹرنیشنل

یہ تاثر درست نہیں کہ فیس بک نے ٹرمپ کی مدد کی، مارک زوکربرگ

کیلیفورنیا: (ملت+اے پی پی) مارک زوکربرگ نے امریکی انتخابات پر فیس بک کے اثر انداز ہونے کی خبروں کی تردید کر دی ہے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیلیفورنیا میں ایک ٹیکنالوجی کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے زوکربرگ نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی کامیابی کا ذمہ دار فیس بک کو نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔انہوں نے کہا یہ کہنا کہ ’’ فیس بک پر جعلی خبریں کسی بھی طرح انتخاب پر اثرانداز ہوئی تھیں پاگل پن ہے‘‘۔اس سے قبل کچھ اعداد و شمار سے یہ امر سامنے آیا تھا کہ کچھ جعلی خبریں فیس بک پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی تھی جبکہ ان کی تردید زیادہ شیئر نہیں ہوئی۔ایک بڑی تعداد میں افراد کے لیے، خاص طور پر امریکہ میں، فیس بک خبروں کے حصول کا ایک اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔فیس بک کی ‘نیوز فیڈ’ اس انداز میں ڈیزائن کی گئی ہے وہ چیز سب سے پہلے دکھائی دیتی ہے جس کے بارے وہ سمجھتا ہے کہ صارفین اس میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔رواں سال کے آغاز میں فیس بک پر ٹرمپ مخالف ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ فیس بک پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس کا عملہ لوگوں کے ‘ٹرینڈنگ باکس’ میں لبرل خبریں دکھانے کے لیے طرفداری کر رہا ہے۔اس الزام کی تردید کرتے ہوئے سب سے مشہور خبریں الگورتھم کی رو سے دکھائی دیے جانے کے بجائے ویب سائٹ کے اس حصے سے متعلق اپنا عملہ نوکری سے فارغ کر دیا تھا۔نتیجتاً وہ خبریں جو بعد میں جعلی ثابت ہوئیں بڑی تعداد میں صارفین کی ٹائم لائن پر دکھائی دینا شروع ہوگئیں۔