ڈھاکا:(آئی این پی)بنگلہ دیش کے مرکزی بینک کے سربراہ نے نیویارک کے فیڈرل ریزرو بینک سے بنگلہ دیش کے 10 کروڑ ڈالر کی سائبر چوری کے معاملے پر استعفیٰ دے دیا۔ عطیع الرحمان نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم شیخ حسینہ کو سونپا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی بینک سے نامعلوم سائبر چوروں نے بنگلہ دیشی بینک کے پیسے فروری میں چوری کیے تھے تاہم بینک کے صدر نے حکومت کو بروقت نہیں بتایا۔ وزیر خزانہ اے ایم اے موہتھ نے بتایا کہ انھیں اخبار میں شائع رپورٹ سے اس بات کا علم ہوا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بینک کے اہلکاروں نے بتایا کہ اس چوری میں شامل گینگ نے چوری شدہ دستاویزات کا استعمال کرتے ہوئے نقد رقم کی منتقلی اس طرح کی جیسے وہ جائز ہو۔اگر ان کی تمام درخواستیں قبول ہو جاتی تو وہ بغیر کسی مدافعت کے تقریباً ایک ارب ڈالر لے کر اڑ جاتے۔بہر حال نقدی کی منتقلی اس وقت روک دی گئی ۔