خبرنامہ انٹرنیشنل

کابل میں عراقی سفارت خانے کےقریب خودکش حملہ، حکام

کابل(ملت آن لائن)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں عراقی سفارت خانے کے قریب خودکش حملہ ہوا ہے۔مسلح افراد اور پولیس کے درمیان مقابلہ ہوا

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کی صبح عراقی سفارت خانے کے قریب پولیس کمپاؤنڈ کے پاس مسلح افراد اور پولیس کے درمیان مقابلہ ہوا جس کے بعد ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

افغان حکام کے مطابق اس بات کا فوری طور پر تعین نہیں ہوسکا ہے کہ حملہ آور کسے نشانہ بنانا چاہتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے مسلح شخص نے سفارتخانے کی عمارت میں گھسنے کی کوشش کی اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے بعد علاقے میں دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔

پولیس حکام نے واقعے میں 4 حملہ آوروں کے ملوث ہونے کی تصدیق کردی ہے جب کہ پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان مقابلہ بھی جاری ہے تاہم پولیس کی جانب سے حملے میں کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی کرائسس رسپانس یونٹ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر سفارت خانے کے عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کابل میں سرکاری ملازمین پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 35 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔