خبرنامہ کشمیر

آزادکشمیر میں گڈ گورننس،تحریک آزادی کشمیر اولین تر جیع ہے

ہٹیاں بالا (ملت آن لائن + آئی این پی) سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے عبوری آئین ایکٹ 1974میں ترامیم،گلگت بلتستان کے آئینی حقوق،آزادکشمیر میں گڈ گورننس،تحریک آزادی کشمیر اولین تر جیع ہے قومی اور اجتماعی مفادات کے حل کے لیئے آزادکشمیر کی ساری سیاسی قیادت کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی حقوق کے مخالف نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے معاملے پر ایسا باوقار حل چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے عوام کو بھی آئینی حقوق ملیں اور تحریک آزادی کشمیر بھی متاثر نہ ہو ہمارے قومی تشخص پر کوئی حرف نہ آئے۔آزادکشمیر حکومت کو بااختیار بنانے کے لیئے عبوری آئین ایکٹ 1974میں ترامیم کے لیئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم ہے جس کا ایک اجلاس ہو چکا ہے آزاد کشمیر کی ساری جملہ قیادت سے مشاورت کے بعد آئین میں متفقہ ترامیم لانا چاہتے ہیں شاہ غلام قاد ر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام طویل عرصہ سے آئینی حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں آزادکشمیر کی قیادت گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی حقوق میں رکاوٹ نہیں ہے تاہم ہماری خواہش ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کا پورا حق ملے اور ایسا حل نکالا جائے کہ وہاں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ بھی پورا ہو جائے اور مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا قومی موقف بھی متاثر نہ ہو آزادکشمیر کی ساری قیادت سے مشاورت کے بعد اس حوالے سے تجاویز مرکزی حکومت کو ارسال کی جائیں گی ۔