خبرنامہ کشمیر

آزادکشمیر کے صدارتی ہاؤس کو یونیورسٹی کیلئے مختص کرنے کا مطالبہ

مظفرآباد (ملت + آئی این پی) آزادکشمیر کے صدارتی ہاؤس کو یونی ورسٹی کیلئے مختص کرنے کا مطالبہ سامنے آگیا،وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے وزیراعظم ہاؤس کی نجکاری کا فیصلہ کر کے ریاست کے مفاد میں بہترین قدم اٹھایا ہے ،صدر ریاست مسعود خان بھی صدارتی ہاؤس کو جامعہ کشمیر کے لیے مختص کرنے کا اعلان کریں ،ان خیالات کا اظہار جامعہ کشمیر شعبہ اردو کے سکالر افضال عالم نے گزشتہ روز یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ جامعہ کشمیر اس وقت مکانیت کی شدید کمی کا شکار ہے ،چھتر کلاس کیمپس کا کام بھی بند ہے ،امسال جامعہ کشمیر میں ماسٹر اور بی ایس پروگرام کے اکٹھے داخلے ہوئے جس کی وجہ سے جگہ کی شدید کمی واقع ہو گئی ہے ،صدر ریاست مسعود خان ایک ویژنری انسان ہیں ،امید ہے وہ طلبہ کے مطالبے پر غور کریں گے اور نو تعمیر شدہ صدارتی ہاؤس کو جامعہ کشمیر کے لیے مختص کر کے مکانیت کی کمی دور کریں گے ،،انہوں نے کہا کہ دنیا کی ترقی یافتہ قومیں اپنی مادر علمی کی دہلیزوں کو مضبوط بناتی ہیں ،اس وقت شعبہ اردو سمیت جامعہ کشمیر کے اکثر شعبہ جات مکانیت کی کمی کے باعث شدید آزمائش سے گزر رہے ہیں ،اس لیے طلبہ کا مطالبہ ہے کہ صدر ہاؤس کو جامعہ کشمیر کے لیے مختص کرتے ہوئے ایک نئی روایت قائم کی جائے ،انہوں نے کہا کہ صدر ریاست مسعود خان نے جس طرح مسئلہ کشمیر کو فوکس کر رکھا ہے امید ہے وہ آزادکشمیر کے جامعات کے اندرونی مسائل پر ہمدرانہ غور کریں گے۔