خبرنامہ کشمیر

آزادی پسندرہنماؤں کا مقبول بٹ کو خراج عقیدت

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور دیگر آزادی پسند رہنماؤں اور تنظیموں نے شہید محمد مقبول بٹ کو انکی شہادیت کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ بھارت نے محمد مقبول بٹ کو11فروری 1984کو نئی دلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دیکر ان کے جسد خاکی کو جیل کے احاطے میں ہی دفن کر دیا تھا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں میں نئی دلی کی تہاڑ جیل میں دفن محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کے اجساد خاکی کو انکے اہلخانہ کے حوالے کرنے کا اپنا مطالبہ دہرا تے ہوئے کہا کہ یہ خالصتاً ایک انسانی مسئلہ ہے، البتہ بھارت تمام تر اخلاقی اور آئینی اصولوں کو پامال کرتے ہوئے اس کو پورا نہیں کررہا ہے ۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ شہید محمد مقبول بٹ کشمیری قوم کے ہیرو ہیں جنہوں نے ایک عظیم مقصد کی راہ میں اپنی جان لٹا دی۔ انہوں نے کہا کہ شہید محمد مقبول بٹ کو جموں کشمیر کی تحریکِ آزادی میں ایک خاص مقام حاصل ہے اور انہیں یقینی طور پرسرفروشی کے راستے کا پہلا سپاہی قرار دیا جاسکتا ہے۔حریت چیئرمین نے کہا کہ شہید مقبول بٹ اور دیگرلاکھوں شہیداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ کشمیر ی انکے مشن کی تکمیل تک جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں ۔ حریت فورم کے چیئر مین میرواعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری بیان میں کہاکہ کشمیری عوام حق و انصاف کی خاظر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے محمد مقبول بٹ اور دیگر شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے ۔انہوں نے کہاہے کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کے سبب ہی تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہواہے ۔ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے محمد مقبول بٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری شہداء کے عظیم قربانیاں ایک روز ضرور نگ لائیں گی۔انہوں نے کہا کہ محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی شہادتوں نے تحریک آزادی میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ بھارت دونوں شہیدوں کی میتیوں کو احترام کے ساتھ تدفین کیلئے فوری طورپر انکے اہلخانہ کے حوالے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں محمد مقبول بٹ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کشمیریوں کو اس وقت خواب غفلت سے جگایا جب اندرا عبداللہ ایکارڑ کے بعد کشمیر میں ایک سکوت سا چھایا ہواتھا ۔حریت رہنماؤ ں ظفر اکبربٹ ،محمد یوسف نقاش ،جاوید احمد میر،بلال صدیقی ، محمد یاسین عطائی، خواجہ فردوس غلام احمد گلزار فاروق احمد توحیدی، یاسمین راجہ ،زمرودہ حبیب ، فریدہ بہن جی ، عبدالعزیز ڈاراورمحمد رمضان خان کے علاوہ محاذ آزادی اور عوامی ایکشن کمیٹی نے محمد مقبول بٹ کوخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری اپنے عظیم شہداء کے مشن کو ہر صورت اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ د محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو و کے اجساد خاکی کشمیریوں کے حوالے کرے۔