خبرنامہ کشمیر

آزادی پسند رہنماؤں، تنظیموں کا شہید غلام محمدخان کو خراج عقیدت

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند رہنماؤں اور تنظیموں نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے معمر کشمیری غلام محمد خان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ سرینگرکے رہائشی 75سالہ غلام محمد خان رواں ماہ کی 2 تاریخ کو بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے چلائے گئے آنسو گیس کا ایک گولہ لگنے سے زخمی ہو گئے تھے اور وہ جمعرات کی صبح سرینگر کے صورہ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے تھے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں غلام محمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قابض فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل کی چھٹی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غلام محمد خان کسی مظاہرے میں شریک نہیں تھا بلکہ اپنے گھر کے باہر بنے پارک میں موجود تھے جس دوران اس کے سر پر آنسو گیس کا گولہ مارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قابض فورسز نے گزشتہ چار ماہ کے دوران سو سے زائد نہتے کشمیریوں کو شہید جبکہ ہزاروں کو زخمی کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کا یہ قتل عام نام نہا د بھارتی جمہوریت کے چہرے پر دھبہ ہے۔ حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے معمر شہری کے قتل کی شدید مزمت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ دریں اثنا میر واعظ عمر فاروق کی ہدایت پرمشتاق احمد صوفی ، ساحل احمد وار اور شکیل احمد شہید کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے الاحی باغ سرینگر میں انکے گھر گئے اور شہید کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی۔جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سیکریٹری جنرل مو لا نا محمد عبداللہ طاری نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ قابض فورسز کے اہلکار اتنے بے لگا م ہوچکے ہیں کہ معمر افراد کو گولیاں اور آنسو گیس کے شیل ماردیتے ہیں۔دختران ملت نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قابض فورسز نہتے کشمیریوں کے خون کی ہولی کھیل رہے ہیں۔دختران ملت کی ترجمان نے کہا کہ بھارت بیگناہ شہریوں کے قتل سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ ( آر ) کے وجاہت بشیر نے غلام محمد کے قتل پر گہرے رنج وگم دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قابض فورسز بلا لحاظ عمر کشمیریوں کو انتقا م کا نشانہ بنا رہی ہیں۔