خبرنامہ کشمیر

آسیہ اندرابی اور فہمیدہ کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی مذمت:حریت

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی کی مسلسل غیر قانونی نظربندی اور تیزی سے گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماؤں فریدہ بہن جی، زمرو دہ حبیب ،یاسمین راجہ اور دختران ملت کی جنرل سیکرٹری ناہیدہ نسرین نے اپنے الگ الگ بیان میں کہاکہ آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی کو مسلسل غیر قانونی نظربندی کے دوران علاج معالجے اور مناسب خوراک سے بھی محروم رکھا جارہا ہے جس کی وجہ سے آسیہ اندرابی کی صحت تیزی سے گررہی ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ آسیہ اندرابی سمیت غیر قانونی طورپر نظربند تمام حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی اور علاج معالجے اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھائیں۔ حریت رہنماؤں نے قابض انتظامیہ کی جانب سے آسیہ اندرابی کو غیر قانونی اور جھوٹے مقدمے میں گرفتاری کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے بھارت تحریک آزادی کشمیری کوکمزور نہیں کر سکتا۔