خبرنامہ کشمیر

آسیہ اندرابی کی رہائی پراظہار اطمینان، سیدعلی گیلانی

آسیہ اندرابی کی رہائی پراظہار اطمینان، سیدعلی گیلانی

سرینگر(ملت آن لائن)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین سید علی گیلانی نے ضلع پلوامہ کے علاقے سانبورہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان نور الدین تانترے کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکمرانوں کی ضد اور ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی اس خطے میں جاری خون خرابے اور انسانی زندگیوں کے اتلاف کے لیے ذمہ دار ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی پالیسی ساز جموں و کشمیر میں 1990ء جیسے حالات پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ آزادانہ طریقے سے یہاں کے لوگوں کا قتل عام کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکمران کشمیریوں کوپشت بہ دیوارکررہے ہیں اور طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے انہیں ہر طرح سے بے بس بنانا چاہتے ہیں۔حریت چیئرمین نے کہا کہ بھارتی حکمران جموں وکشمیر میں سیاسی اور پُرامن جدوجہد کے ماحول کو ختم کرکے غیر یقینی سیاسی صورتحال پیدا کرناچاہتے ہیں تاکہ یہاں کے نوجوان عسکریت کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوجائیں۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر ایک متنازعہ خطہ ہے اور اس کو صرف اپنے تاریخی پسِ منظر کی روشنی میں حل کیا جاسکتا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ اس مسئلے کو فوجی طاقت کے ذریعے نہ ماضی میں حل کیا جاسکا ہے اور نہ مستقبل میں اس سے کوئی مثبت نتیجہ نکل سکتاہے۔ انہوں نے بھارتی حکمرانوں پر زوردیا کہ وہ ضد اور ہٹ دھرمی ترک کرکے زمینی حقائق کو تسلیم کرلیں اور کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینے کا اپنا وعدہ پورا کریں۔ حریت چےئرمین کی ہدایت پر ایک وفد شہید نور الدین تانترے کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے ترال گیا۔ وفد میں بشیر احمد قریشی، رمیز راجہ، مختار احمد اور جا زب احمد شامل تھے۔دریں اثناء سید علی گیلانی نے دختران ملّت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور اُن کی قریبی ساتھی فہمیدہ صوفی کی رہائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے صبروثبات اور جذبۂ آزادی کو قابل فخر ملّی اثاثہ قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ جبرواکراہ اور ظلم وبربریت پر مبنی سیاست سے حریت پسندوں کے حوصلوں کو زیر کرنا ممکن نہیں ہے۔حریت چےئرمین نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کوعوامی خواہشات کے مطابق پُرامن طریقے سے حل کرانے کے لیے بھارت پرسفارتی دباؤ ڈالے۔سید علی گیلانی کی ہدایت پر تحریک حریت کے رہنما محمد رفیق اویسی آسیہ اندرابی کے گھر گئے اورحریت چےئرمین کی طرف سے اظہارِ مسرت کا پیغام پہنچایا۔دریں اثناء جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چےئرمین محمد یاسین ملک ، سالویشن مومنٹ اور پیپلز فریڈم لیگ نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں شہید نورالدین تانترے کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔