خبرنامہ کشمیر

آسیہ اندرابی کی طرف سے بھارتی فوج کے سربراہ کا بیان پر اظہارتشویش

آسیہ اندرابی کی طرف سے بھارتی فوج کے سربراہ کا بیان پر اظہارتشویش

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت کے سرکاری سکولوں، مدارس اور مساجد سے متعلق حالیہ بیان کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ بیانات ان کا ذہنی خلجان ظاہر کرتا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جنرل بپن راوت نے حالیہ بیان میں کہاگیاتھا کہ حکومت کشمیر میں مدارس کو اپنے زیر انتظام لانا چاہتی ہے کیونکہ غلط طور پر طلبا ء کو تعلیم دے رہے ہیں۔ آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں جنرل راوت کے بیان کو افسوسناک قراردیتے ہوئے کہاکہ اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ جموں وکشمیر میں آرایس ایس اور بھارتی فوج کی حکمرانی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ یہ دعویٰ کیا جارہاہے کہ ریاست کوکٹھ پتلی انتظامیہ چلا رہی ہیں لیکن یہ حقیقت سے بعید ہے،بلکہ اصل میں آر ایس ایس بھارتی فوج کے ساتھ مل کر کشمیر کے معاملات طے کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کو یہ گمان ہے کہ اگر کشمیری طلبہ کو صحیح تاریخ پڑھائی گئی تو بھارت اور اس کی پالیسیوں سے پردہ اٹھا جائے گا۔انہوں نے کہایہ جانتے ہیں کہ کشمیر کی تاریخ پڑھتے ہی بھارت کے ساتھ کشمیر کے رشتے پر سوال کریں گے اور انہیں بھارت اور اس کے عزائم کی خوب سمجھ آجائے گی۔ دختران ملت کی سربراہ نے کہا کہ بھارت کشمیر اور برصغیر کی تاریخ مسخ کرنے کیلئے کشمیرمیں طرز تعلیم کو تبدل کرنے کی بھی سازش کر رہا ہے ۔انہوں نے خبردار کیاکہ اگر بھارت اپنے مذموم عزائم میں کامیاب ہو گیا تو کشمیری عوام کی شناخت مکمل طور پرمسخ کردی جائے گی۔آسیہ اندرابی نے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے بیان کو بھی مضحکہ خیز قراردیا ہے جس میں انہوں نے کہاتھا کہ تاریخ تبدیل نہیں ہوسکتی بلکہ نئی تاریخ لکھی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت برطانیہ کے زیر تسلیم ایک نوآبادیاتی تھااور یہ بھارت کیلئے بھی ممکن نہیں کہ وہ ہمیں بندو ق کی نوک پرمسلسل محکوم رکھ سکے۔ انہوں نے کہاکہ ہم انشااللہ تاریخ تبدیل کر کے نئی تاریخ رقم کریں گے۔