خبرنامہ کشمیر

آسیہ اندرابی کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی مذمت

سرینگر ؛ (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں شبیر احمد شاہ اوربلال صدیقی نے رہائی کے عدالتی احکاما ت کے باوجود دختران ملّت کی سربراہ آسیہ اندرابی کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں آسیہ انداربی کی مسلسل گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے بلا جواز قراردیا ۔انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی دعویدارکٹھ پتلی انتظامیہ ان کی رہائی میں رکاوٹیں کھڑی کرکے اس بات کا ثبوت پیش کررہی ہے کہ ان کا ریمورٹ کنٹرول نئی دلی میں ہے۔ انہوں نے اس بات پر دکھ کا اظہار کیا کہ انسانیت اور انصاف کی بات کرنے والے اس بات کو فراموش کررہے ہیں کہ آسیہ کا فرزند علیل ہے اور اس کے باوجود بھی ان کی رہائی میں رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہے جو کہ انسانیت سوز کارروائی ہے۔حریت رہنماء بلال صدیقی نے ایک بیان میں ریاستی انتظامیہ کے آسیہ اندرابی کے خلاف معاندانہ اور انتقام پر مبنی رویہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی رہائی میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں اور انسانی حقوق کے علمبردار ہونے کا دعویٰ کرنے والے ہی انسانیت کے اصولوں کی خلاف ورزیاں کررہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس طرح حکام کے دوغلے کردار کا عندیہ بھی ملتا ہے۔بلال صدیقی نے کہا کہ ہمیں امید تھی کہ ریاستی حکام عقل،دانش و انسانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے علیل بیٹے کی حالت کے پیش نظر ان کی رہائی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کریگی لیکن ”خیالات کی جنگ ” کا ڈھنڈورا پیٹنے والے ہی انہیں قید و بند میں رکھنے پر بضد ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھی ایک بیان میںآسیہ اندرابی کی دوبارہ گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے ۔ حریت ترجمان نے کہاکہ ان کا بیٹا ہسپتال میں زیر علاج ہے اور وہ خود بھی کئی عارضوں میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک ماں کوبیمار بیٹے سے نہ ملنے دینا بھی انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہے۔ترجمان نے سوپور میں تحریک حریت کے کارکن منظور احمد کلو اورایک عام شہری محمد اشرف ملک کی گرفتاری کی بھی شدید مذمت کی ۔