خبرنامہ کشمیر

آغا حسن الموسوی کا کشمیری شہداء کو خراج عقیدت

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے جاری جدوجہد آزادی کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغا سید حسن نے مرکزی امام باڑہ بڈگام میں زائرین سے خطاب کرتے ہوئے گزشتہ چار ماہ کے دوران بھارتی فورسز کے ہاتھوں زخمی ہونیواکے ہزاروں افراد کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے جاری احتجاجی کیلنڈر پر عمل کریں کیونکہ مسلسل مزاحمت کے سوا حق خودارادیت کے ہدف کے حصول کی کوئی راہ نہیں۔ حریت رہنماء بھارت اور پاکستان پر بھی زوردیا کہ وہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کریں۔