خبرنامہ کشمیر

آغا حسن الموسوی کا کشمیری نظربندوں کی حالت زارپراظہارتشویش

آغا حسن الموسوی کا کشمیری نظربندوں کی حالت زارپراظہارتشویش
سرینگر: (ملت آن لائن) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بھارتی جیلوں میں نظربندکشمیری حریت پسندوں کی حالت زار پر شدیدتشویش کااظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا نوٹس لیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغا حسن الموسوی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں انسانی حقوق کی تنظیموں سے یہ بھی کہاکہ وہ عدالتوں کے واضح احکامات کے باوجود کشمیری نظربندوں کی رہائی میں انتظامیہ کی طرف سے ڈالی جانیوالی رکاوٹوں کا بھی سنجیدہ نوٹس لیں۔ انہوں نے کہاکہ کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندی کی معیاد پوری ہونے کے بعددوران نظربندی کسی اور جھوٹے مقدمے کے تحت اْن کی نظربندیوں کو طول دینا کشمیری نوجوانوں کا مقدر بن چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس صورتال کا سامنا کرنیوالے کشمیری نظربند شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔ آغا سید حسن الموسوی نے سینئر حریت رہنماء شبیر احمد شاہ کی مسلسل غیرقانونی نظربندی اور جیل میں ان کی ناگفتہ بہہ حالت پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ محبوس حریت رہنما کی صحت و سلامتی کے حوالے سے بھارتی حکومت کا رویہ قابل افسوس ہے۔آغا حسن نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک روا رکھ کر انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اختلاف راے اور نظریاتی جنگ کا نام ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرنے والا ملک اپنے سیاسی اور نظریاتی مخالفین کے ساتھ اذیت آمیز سلوک کرکے آمریت کی تجدید کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شبیر احمد شاہ کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات اور محفوظ ماحول فراہم کرکے بھارتی حکومت کوسیاسی نظربندوں سے متعلق بین الاقوامی قوانین کا پاس و لحاظ کرنا چاہئے۔