خبرنامہ کشمیر

آغا سید حسن الموسوی کو تہران کانفرنس میں شرکت سے روک دیا

آغا سید حسن الموسوی کو تہران کانفرنس میں شرکت سے روک دیا
سرینگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیرکے سربراہ آغاسید حسن الموسوی الصفوی کوسفری دستاویزات جاری نہ کر کے ایران میں23 نومبر سے منعقد ہونیوالی سالانہ بین الاقوامی اسلامی کانفرنس میں شرکت سے روک دیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجمن شرعی شیعیان کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ آغاسید حسن الموسوی کو سالانہ بین الاقوامی دینی بیداری کانفرنس میں شرکت کیلئے ایران کی حکومت کی طرف سے دعوت نامہ موصول ہواتھا ۔ تاہم انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت کی طرف سے پاسپورٹ کی تجدید نہ کئے جانے کی وجہ سے حریت رہنماء کانفرنس میں شرکت نہیں کرسکیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ تہران میں منعقد ہونیوالی کانفرنس میں شرکت کیلئے ڈاکٹر علی اکبر ولایتی کی طرف سے باضابطہ دعوت نامہ موصول ہوا ہے تاہم بھارتی حکومت کی طرف سے سفری جواز نہ ملنے کی وجہ سے آغا سید حسن الموسوی مذکورہ کانفرنس میں شرکت نہیں کر سکیں گے ۔ترجمان نے حریت رہنماء کو پاسپورٹ جاری نہ کرنے پر بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ ایک عالم دین کو اہم دینی کانفرنس میں شرکت کی اجازت نہ دیکربھارتی حکومت نے خود اپنے مذہبی آزادی کے دعوں کی قلعی کھول رہی ہے۔انہوں نے کہا نے کہا کہ سیاسی اختلاف نظر کی بنیاد پر دینی رہنماؤں کو دینی فرائض کی ادائیگی سے روکنا جمہوری اقدار کے منافی ہے۔