خبرنامہ کشمیر

اسرائیلی طرز کے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال ہورہے ہیں، یاسین

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہاہے کہ بھارتی پولیس مقبوضہ علاقے میں سیاسی کارکنوں کے خلاف اسرائیلی طرز کے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ ناگ بل پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں نے لبریشن فرنٹ کے کارکن عبدالرشید کے گھر پر چھاپہ مارا اور اسے آئندہ چوبیس گھنٹے کے اندر اند ر گرفتاری پیش کرنے کاحکم دیا ۔ لبریشن فرنٹ کے سربراہ نے پولیس پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے عبدالرشید کو دھمکی بھی دی کہ گرفتاری پیش نے کرنے پر اسکے گھر کو تباہ کردیاجائیگا ۔ انہوں نے کہاکہ پولیس خود کو شاہ سے زیادہ شاہ کا وفادار ثابت کرنے کی کوشش کررہی ہے اور پر امن سیاسی کارکنوں کے خلاف ظلم و تشدد کے بدترین ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔