خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں اسرائیل اور بھارتی فوج کے جنرل سرجوڑ کے بیٹھ گئے

مقبوضہ کشمیر میں اسرائیل اور بھارتی فوج کے جنرل سرجوڑ کے بیٹھ گئے
سرینگر: (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں اسرائیل کے گراؤند فورسز کے سربراہ میجر جنرل یعقوو بیرک نے جموں میں بھارتی فوج کی شمالی کمان کے ہیڈکوارٹرکا دورہ کیا۔ انہوں نے بھارتی فوج کے کمانڈر اور دیگر سینئر افسروں سے ملاقات کی تاکہ فلسطین اور کشمیر میں جاری آزادی کی جائز تحریکوں کو دبانے کیلئے ایکدوسرے کے ساتھ تعاون بڑھایا جائے۔ بھارتی فوج کے ترجمان کرنل این این جوشی نے جموں میں صحافیوں کو بتایا کہ میجر جنرل بیرک کے ہمرا ہ اسرائیلی فوج کے کئی سینئر افسران نے جموں کے علاقے ادھمپور میں شمالی کمان کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ نئی دہلی میں اسرائیلی سفارتخانے کے دفاعی اتاشی بھی جنرل بیرک کے ہمراہ تھے۔ کرنل جوشی نے کہاکہ اسرائیلی گراؤنڈ فورسز کے سربراہ نے لیفٹننٹ جنرل دیوراج انبو سے باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسرائیل اور بھارت کے درمیان تعلقات کے پس منظر میں باہمی دلچسپی کی اصطلاح کو مقبوضہ کشمیر میں جاری عوامی تحریک کودبانے کے لیے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی طرز کے مظالم کو دہرانے کے لیے استعمال کیا جاتاہے۔ ملاقات میں بھارتی فوج کے کئی دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں کہاگیا ہے کہ اسرائیلی فورسز کے سربراہ نے بھارتی فوج کے کمانڈروں کو غزہ اور مغربی کنارے میں آزادی کی آوازوں کو دبانے کے لئے اسرائیلی فوج کی طرف سے کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔