خبرنامہ کشمیر

اسلام امن کا دین ہے‘ریاست کے ہرشخص کی جان مال ،عزت اور آبرو کی حفاظت حکومت کی زمہ داری ہے

مظفرآباد (ملت + آئی این پی) آل جموں وکشمیرجمعیت علماء اسلام کے قائدین نے کہاہے کہ اسلام امن کا دین ہے ۔ریاست کے ہرشخص کی جان مال ،عزت اور آبرو کی حفاظت حکومت کی زمہ داری ہے ۔وحدہ المسلمین کے جنرل سیکرٹری سیدتصور جوادی پر قاتلانہ حملہ کھلی دہشت گردی ہے ۔انتظامیہ اپنی زمہ داری پوری کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ۔آزاد کشمیر میں مذہبی بنیادوں پر قتل وغارت گری کا کوئی امکان نہیں ۔حکومت حملہ میں استعمال ہونیوالی گاڑی اور افراد کو قانون کے دائرہ میں لا کر اصل حقائق سے باخبر کرے ۔ملک میں دہشت گردی کی موجودہ لہر میں بھارتی اور اسرائیلی کردار کو نظر انداز نہ کیا جائے ۔ریاست میں مثالی فرقہ ورانی ہم آہنگی کو کسی صورت میں بھی ثبوتاز نہ ہونے دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار آل جموں کشمیر جے یو آئی کے مرکزیہ مفتی اعظم آزادکشمیر مفتی محمدرویس خان ایوبی ، مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا قاضی محمود الحسن اشرف ،مرکزی ناظم اطلاعات علامہ عطا اللہ علوی ،،ڈویژنل امیر جے یو آئی مولانا قاضی منظور الحسن ،سواد اعظم اہل سنت والجماعت مظفراباد کے امیر مفتی محمداختر ،مرکزی ناظم مولانا عبد المالک ایڈوکیٹ ،سید عطا اللہ شاہ ،مولانا سید عین الیقین واجد و دیگر نے مشتر کہ بیان میں کیا ۔انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مذہبی بنیادوں پر کبھی قتل و غارت گری ،تصادم یا ٹکراؤ نہیں ہوا اور آئیندہ بھی اس کا کوئی امکان نہیں ہے۔انھوں نے کہاسیدتصور جوادی پر حملہ ایسے وقت پر ہوا ہے جب وزیر اعظم نے آزادکشمیر میں عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور ازاد کشمیر میں قراداد ختم نبوت کی روشنی میں قانون سازی کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ایسے وقت میں بھارتی ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ قادینیوں کے کردار کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔انھوں نے ملت جعفریہ کے سپریم رہنما علامہ مفتی کفایت حسین نقوی سمیت ملت جعفریہ کے تمام رہنماؤں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے سید تصور جوادی اور ان کی اہلیہ کی صحتیابی کے لیے دعااور نیک خوہشات کا اظہار کیا ۔انھوں نے کہا لاہور کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی دہشت گر دی کے واقعات پر حکومت پاکستان اور افواج پاکستان سے موئثر اقددامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ اور ملک کو داخلی اور خارجی فتنوں سے نکالنے کے لیے افواج پاکستان کی مکمل حمایت کااعادہ بھی کیا ۔ْانھوں نے کہاحکومت کو قیام امن اور ریاستی باشندوں کی جان مال کے تحفظ کے لیے موئثر اقدامات کرنے چاہیے اور کسی بھی شخص اور جماعت کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کا موقع نہیں دینا چاہیے ۔