خبرنامہ کشمیر

افضل گورو کی قربانی کشمیرکی تاریخ کا ان مٹ باب ہے: یاسین ملک

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے شہید محمد افضل گورو کوان کی شہادت کی برسی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پھانسیوں اور عمر قید جیسی سزاوں،کرفیو، گرفتاریوں اوربھارتی فورسز کی دھمکیوں سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو شکست نہیں دی جاسکتی ہے اورنہ ہی ان کے جذبہ حریت کوکمزور کیا جاسکتا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہید محمد افضل گورو کی پھانسی کو بھارتی عدلیہ کی کشمیر دشمنی کا واضح ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی عدلیہ نے افضل گوروکو بھارت کے نام نہاد اجتماعی ضمیر کی تسکین کیلئے پھانسی پر چڑھادیا ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی عدلیہ نے 33برس قبل اسی طرح انصاف و قانون کے جملہ تقاضوں کو پامال کرتے ہوئے شہید محمد مقبول بٹ کو بھی پھانسی کی سزا سنائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے نہ صرف ان دونوں رہنماؤں کو غیر قانونی طور پر شہید کیا بلکہ ان کے اہلخانہ کو ان سے آخری ملاقات کے حق سے بھی محروم رکھا اور نام نہاد جمہوریت نے ان شہداء کی میتوں کو تہاڑ جیل میں ہی دفن کر کے انہیں اپنے دینی اقدار کے مطابق تجہیز و تدفین کے حق سے بھی محروم کردیا ۔ انہوں نے کہاکہ پھانسیوں، عمر قید جیسی سزاؤں، قید و بند، کرفیو، قدغنوں اوردھمکیوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو زیادہ دیر تک دبانا ممکن نہیں ہے اور وہ وقت دور نہیں کہ جب جموں و کشمیر میں بھی آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔ یاسین ملک نے شہید محمد افضل گورو کو فرزندکشمیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتیوں کی کشمیر دشمنی کا شکار بنے اور انہیں غیر قانونی طور پر تختہ دار پر چرھایا گیا۔انہوں نے کہا کہ شہید افضل گورو کی قربانیاں، ان کی اور انکے خاندان پر آنے والے مصائب جموں وکشمیر کی تاریخ کا ایک ان مٹ باب ہے اور ٹھیک اسی طرح 33 برس قبل شہید محمد مقبول بٹ اور ان کے خانوادے پر بھی بھارتیوں نے مظالم کی انتہا کی تھی اور کشمیر دشمنی کا ثبوت دیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ جب تک دونوں شہداء کی باقیات تہاڑ جیل سے کشمیریوں کے حوالے نہیں کی جاتیں وہ ا سلسلے میں اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے مقبول بٹ اور افضل گورو کی شہادت کی برسیوں کے موقع پر شہداء کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ،۔ انہوں نے افضل گورو کے یوم شہادت پر ہڑتا ل کرنے پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے ہفتہ کو محمد مقبول بٹ کے یوم شہادت پر بھی مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل دوہرائی ۔