خبرنامہ کشمیر

اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس سے وزیر اعظم کا خطاب حقیقت پر مبنی تھا: میر واعظ

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری اور جموں وکشمیر فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی تقریر کو حقیقت پر مبنی قراردیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ خطے میں امن تنازعہ کشمیر حل ہونے سے آئیگا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کھلے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو تمام مسائل حل کرنے کی دعوت دی لیکن اس کے برعکس بھارت نے طاقت کے نشے کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف مذاکرات سے راہ فرار اختیا رکی بلکہ پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپگنڈہ کر کے اسے الگ تھلگ کرنے کی ناکام کوششیں کیں ۔شبیر احمد شاہ نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے34ویں اجلاس میں پاکستان کے وزیر برائے انصاف و قانون زاہد حمید کی جموں کشمیر میں بشری حقوق سے متعلق تقریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو اب مزید دیر کئے بغیر مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا سخت نوٹس لینا ہو گا ۔شبیر احمد شاہ نے کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا موثر طریقے سے نوٹس نہ لینے کے سبب بھارتی فورسز نے علاقے میں بیگناہ لوگوں کے قتل کاسلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔شبیر احمد شاہ نے انسانی حقوق کمیشن میں بھارتی مندوب کے بیان کو انتہائی مضحکہ خیز قرار دیا۔ میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فور م نے بھی وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی تقریر کو سراہتے ہوئے کہ مسئلہ کشمیر اس پورے خطے میں تناؤ اور کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے اور اس حقیقت کو جتنی جلد تسلیم کیا جائے اتنا ہی اس خطے کے مجموعی مفاد میں ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بھارت منفی رویوں سے عبارت سیاست ترک کر کے مسئلہ کشمیر کے دائمی حل کیلئے بامعنی اقدامات اٹھائے۔