خبرنامہ کشمیر

اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے چاروں صوبے مستفید ہونگے، عمر ایوب

اسلام آباد ۔08 نومبر (ملت + اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے بلوچستان،سندھ،خیبر پختونخوا اور پنجاب کے عوام مستفید ہونگے۔ گزشتہ روزریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی میں پاک چین اقتصادی راہ داری منصوبہ سے قبل فیلڈ مارشل ایوب خان نے امریکا کی مخالفت کو باوجود قراقرم ہائی وے تعمیر کرکے پاک چین دوستی کو بے مثال بنایا تاہم موجودہ حکومت کی بہترین پالیسیوں سے پاک چین اقتصادی منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے جس کی تکمیل سے پاکستان سمیت خطے کی قسمت تبدیل ہو جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ اس منصوبے کے ساتھ ذیلی منصوبوں میں سڑکیں، ریلوے ٹریک اور موٹر ویز تعمیر کی جائیں گی جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ عمر ایوب نے کہاکہ چین افریقہ میں معدنیات اور انفرا سٹرکچر کے مد میں 6 سو ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کر رہا ہے اور ان معدنیات کو پاکستان کے ذریعے چین لیکر جائے گا ۔گوادر سے 50 کنٹینروں کی پہلی کھیپ چین روانہ ہونے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کنٹینروں کی پہلی کھیپ چین روانہ ہونا خوش آئند ہے تاہم آنے والے دنوں میں چین کا مال بردار بحری جہاز گوادر میں لنگر اندازہونے والا ہے جس میں 20 بیس فٹ کے 18 ہزار کنٹینر ہیں، ان کنٹینروں کی قطار بنائی جائے تو 70سے75 میل طویل لمبی ٹرین بنتی ہے۔ عمر ایوب نے کہا کہ چین سے ہر ماہ اگر تین مال بردار بحری جہاز گوادر پورٹ پر لنگر انداز ہوں تو 50 ہزار سے زیادہ کنٹینر سڑکوں پر رواں دواں ہونگے جس سے ملک بھر میں خوشحالی آئے گی۔