خبرنامہ کشمیر

اقوام متحدہ بھارتی ریاستی دہشت گردی سے بچانے کیلئے کردار ادا کریں، مشترکہ حریت قیادت

اقوام متحدہ بھارتی ریاستی دہشت گردی سے بچانے کیلئے کردار ادا کریں، مشترکہ حریت قیادت

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں سیّد علی گیلانی، میر واعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی جبر واستبداد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی ریاستی دہشت گردی سے بچانے کیلئے کردار ادا کریں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان کہا کہ حریت رہنما محمد یوسف ندیم کا بہیمانہ قتل، سینٹرل جیل سرینگر سے سیاسی قیدیوں کی جموں خطے کی جیلوں میں منتقلی ، نہتے کشمیریوں پر بے انتہا مظالم اور بھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے شوپیان قتل عام میں ملوث بھارتی فوجیوں کے خلاف پولیس کارروائی کو روکنے کے احکامات بھارتی استعماری حربوں کا عکاس ہیں۔ مشترکہ حریت قیادت نے کہا کہ محمد یوسف ندیم ایک مخلص آزادی پسند تھے جن کے بہیمانہ قتل نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے کئی ایسے واقعات گواہ ہیں کہ بھارتی ایجنسیوں نے کشمیری مزاحمت کاروں کو ڈرانے اور خوف زدہ کرنے کیلئے اس قسم کی کارروائیاں کیں ۔ مشترکہ قیادت نے کہا کہ یوسف ندیم جیسے حریت پسندوں کے قتل سے آزادی پسندوں کو اپنے راستے سے ہرگز ہٹایا نہیں جاسکتا۔بیان میں کہا گیا کہ سری نگر سینٹرل جیل سے کشمیری نظر بندوں کو جموں خطے کی دور دراز جیلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جو ایک انتقامی کارروائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طارق احمد ، عبدالحمید تیلی، رئیس احمد، شوکت احمدحکیم، عادل احمد زرگر، مومن احمد اور محمد اسحاق کو جموں کی جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جو کٹھ پتلی انتظامیہ کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔مشترکہ قیادت نے کہا کہ بے گناہ نظر بندوں پر تشدد اور انہیں اپنے گھروں سے دور جموں خطے کی جیلوں میں بھیجنے کا عمل انتہائی قابل مذمت ہے۔ مشترکہ قیادت نے کہا کہ محمد یوسف ندیم کے قتل، نظر بندوں کی جموں کی جیلوں میں منتقلی اور جبر و استبداد کی دیگر کارروائیوں کیخلاف کشمیری سترہ فروری بروز ہفتہ مکمل ہڑتال کر کے بھارت پر واضح کردیں گے کہ وہ اس ظلم و ستم کیخلاف یک آواز ہیں۔