خبرنامہ کشمیر

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے دباؤ ڈالے: یوسف نقاش

سرینگر : (ملت+اے پی پی)مقبوضہ کشمیرمیں اسلامک پولیٹکل پارٹی جموں وکشمیر کے سربراہ محمد یوسف نقاش نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور امریکہ کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھانا چاہیے کیونکہ وہ ہی اس دیرینہ تنازعے کے حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یوسف نقاش نے ایک بیان میں کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ اور امریکا کی طر ف سے اظہار تشویش پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ اور امریکہ وقتاًفوقتاً کشمیر کی گھمبیر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے آئیں ہیں مگر آج تک انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے اور امریکا کو بھارت پر سخت دبا ؤ ڈالنا چا ہئے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے اور نہیں اسے مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیون پر بھی جواب دہ بنایاجانا چاہیے ۔حریت رہنما نے کہا کہ صرف بھارت ہی مسئلہ کشمیر کے حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور جب تک اس کیخلاف سخت موقف اختیار نہیں کیا جاتا جنوبی ایشیاء میں قیام امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ ،امریکا اور عالمی قیادت پر یہ ذمہ داری عائد ہو تی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے سنجیدہ کردار ادا کریں تا کہ کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی حاصل کر سکیں ۔