خبرنامہ کشمیر

اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے میں ناکام رہا، میر واعظ

سرینگر ۔ 25 اکتوبر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں میرواعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم فورم نے افسوس ظاہر کیاہے کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد نہیں کراسکا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے اقوام متحدہ کے یوم تاسیس کے موقع پر سرینگر میں جاری ایک بیان میں عالمی ادارہ کے قیام اور پس منظر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر چہ اس ادارے نے آج تک دنیا اور انسانیت کو درپیش کئی بین الاقوامی متنازعہ مسائل اور معاملات حل کرائے تاہم اقوام متحدہ کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دلوانے میں ناکام رہا ہے ۔ انہوں نے عالمی ادارے سے پرر زور اپیل کی کہ وہ کشمیر میں جاری قتل عام ، ظلم و تشدد، انسانیت سوز مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے اور کشمیر بارے اپنی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔فورم کے ترجمان نے تارزوسوپور، ہرد شیوہ بابا رضا، نصرآپورہ ، ملرو، برزلہ اور دیگر مقامات پربھارتی فورسزکی پر تشدد کارروائیوں ، گرفتاریوں ، توڑ پھوڑ اور عوام کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنے کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کٹھ پتلی انتظامیہ کی ملازم کشُ پالیسیوں اور ایک درجن کے قریب سرکاری ملازمین کو برخواست کرنے اور ملازم لیڈران کی گرفتاری اورانہیں دور دراز کی جیلوں میں منتقل کرنے پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے برخواست کئے گئے ملازمین کی فوری بحالی اور غیر قانونی طورپر نظربند نوجوانوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ دوہرایا ۔ اس دورا ن میر واعظ عمر فاروق کی ہدایت پر فورم کے ایک وفد نے صورہ ہسپتال سرینگر جاکر جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے علیل چیئرمین محمد یاسین ملک کی عیادت کی اور جلد صحت یابی اور نیک خواہشات کا میر واعظ کاپیغام پہنچایا۔ وفد میں غلام قادر بیگ، خضر محمد وانی، فاروق احمد سوداگر اور دیگر شامل تھے۔