خبرنامہ کشمیر

اقوام متحدہ کشمیریوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھائیں

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں مسلم لیگ جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ سینئرحریت رہنماء اورپارٹی چیئرمین مسرت عالم بٹ کو2010 کے عوامی انتفادہ کے دوران گرفتار کرکے محض سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے مختلف جیلوں میں نظربند رکھا گیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسلم لیگ کے سیکریٹری شعبہ نشرو اشاعت فیروز احمد خان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیرہائی کورٹ نے منگل کو مسرت عالم بٹ پر عائد 34واں کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ کالعدم قراردیتے ہوئے انکی فوری رہائی کے احکامات جاری کئے تھے۔انہوں نے کہاکہ مسرت عالم بٹ پر 34مرتبہ کالے قانون کا نفاذ کشمیر کی تاریخ میں ایک منفرد ریکارڈ ہے ۔ اْنہوں نے کہا کہ بھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ کے پاس مسرت عالم بٹ کی مزید غیر قانونی نظربندی کا کوئی جواز نہیں ہے ۔ فیروز احمد خان نے اقوام متحدہ ، اسلامی تعاون تنظیم (اوای سی) کے سربراہ، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں خاص طورپر ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ایشیا واچ سے اپیل کی ہے کہ وہ مسرت عالم بٹ سمیت غیر قانونی طورپر نظربند تمام کشمیری سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھائے ۔