خبرنامہ کشمیر

اقوام متحدہ کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کا نوٹس لے، میر واعظ

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے بھارتی فوجیوں کیطرف سے کنٹرول لائن پر گولہ باری سے آزاد کشمیر کے شہریوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث تنازعہ کشمیر ایک طویل عرصے سے تعطل کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ بے گناہ لوگوں کے قتل اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں سے آزادی کی تحریکوں کو ہرگز دبایا نہیں جاسکتا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں آزاد کشمیر کے علاقے وادی نیلم میں مسافر بس پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے گیارہ شہریوں کے قتل کو انتہائی وحشیانہ قرار دیا۔ انہوں نے غم زدہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ میر واعظ نے کشمیرکے حوالے سے عالمی برادری کی خاموشی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنا اقوام متحدہ کی اخلاقی ، آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ تنازعہ کشمیر کو حل کیے بغیر جنوبی ایشا ہر گز امن قائم نہیں ہوسکتا۔ دریں اثنا مقبوضہ کشمیر کی ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن نے بھی لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت اور بے گناہ شہریوں کے قتل پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کی مشکلات کا سبب تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے فوری اقدامات کریں۔ ہائی کورٹ بار ایسوسی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سرینگر میں منعقدہ اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے جس کے اب تک حل نہ ہونے کے باعث عام کشمیری بے انتہا مصائب اور مشکلات کا شکا رہیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ مسافر بس اور ایمبولینس پر گولہ باری انتہائی وحشیانہ عمل ہے کیونکہ جنگ کے دوران بھی عام لوگوں اور ایمبولینسوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا ہے۔ بارارکان نے دونوں ملکوں سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے اقدامات کریں ۔ جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے ایک بیان میں وادی نیلم میں مسافر بس پر بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے واقعے میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ بھارتی افواج کی طرف سے مقبوضہ وادی کشمیر اور کنٹرول لائن پر جاری جارحیت کا نوٹس لے۔کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے بھی ایک بیان میں کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت اور بے گناہ کشمیریوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے دراصل عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری اپنی ریاستی دہشت گردی سے ہٹانے کے لیے کنٹرول لائن پر گولہ باری کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔ علی رضا سید نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی اور کنٹرول پر اسکی جارحیت کا نوٹس لے۔