خبرنامہ کشمیر

اقوام متحدہ کی قراردادوں کو نہیں جھٹلا سکتا: گیلانی

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے جموں وکشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قررادادوں کو بنیادی اساس قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی ہٹ دھرمی سے ان قراردادوں کو ہرگز جھٹلا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ 68سال گزرنے کے باوجود ان قراداوں کی اہمیت اور افادیت برقرار ہے البتہ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ عالمی ادارہ اپنی پاس کردہ قرار دادوں پر تاحال عمل درآمد نہیں کراسکا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ نے جموں وکشمیر کے تنازع سے متعلق متعدد قراردادیں پاس کر رکھی ہیں اور 5 جنوری1949 کو پاس کی جانے والی قرارداد میں کشمیریوں کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ایک آزادانہ استصواب رائے کے ذریعے پاکستان یا بھارت میں شامل ہونے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ اس قرار داد کو پاکستان اور بھارت نے تسلیم کر رکھا ہے لیکن بھارت فوجی طاقت کے بل پر اس خطے پر اپنی بالادستی قائم کرنا چاہتا ہے اور وہ کشمیر کے بارے میں عالمی برادری سے کیے جانے والے اپنے دعدوں سے مکر گیا ہے ۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ اس صورتحال میں اقوام متحدہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بھارت کو ان قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے مجبور کرے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری بھار ت کے غیر قانونی اور جبر ی تسلط کے خلاف بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں جبکہ بھارت محض فوجی طاقت کے بل پر جموں وکشمیر پر اپنا قبضہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل میں بھی اسی طرح سے دلچسپی لے جس سے اس نے جنوبی سوڈان ، مشرقی تیمور وغیر کے مسائل کے حل میں لی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما محمد یاسف نقاش نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں کشمیریوں کی جدوجہد کو ٹھوس بنیاد فراہم کر تی ہیں تاہم عالمی ادارے کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ جموں وکشمیر کے بارے میں اپنی پاس کر دہ قرار دادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے ۔ محمد یوسف نقاش نے کہا کہ کشمیر کوئی سرحدی تنازعہ نہیں بلکہ ایک کروڑ سے زائد کشمیریوں کے حق خود اردیت کا مسئلہ ہے۔ دریں اثنا کشمیر تحریک خواتین کی چیئرپرسن زمرودہ حبیب نے پارٹی کارکنو ں کے ہمراہ پریس انکلیو سرینگر میں ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کشمیر کے بارے میں اپنی پاس کردہ قراردادوں پر عمل درآمد کرائے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔