خبرنامہ کشمیر

امریکہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے متعلق دستاویزات کا جائزہ لینے کا عندیہ دیدیا

واشنگٹن (آئی این پی )امریکہ مقبوضہ کشمیرمیں ڈھائے جانیوالے بھارتی مظالم پر مبنی پاکستانی دستاویز کا جائزہ لینے کا عندیہ دیدیا۔امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر نے پریس بریفنگ میں اسکا واضح اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی دستاویزات کے شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں۔ محکمہ خارجہ انسانی حقوق کے متعلق سالانہ رپورٹ مرتب کررہاہے اوراس کے لئے مختلف ممالک سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تفصیلات جمع کررہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی خلاف ورزیوں سے متعلق پاکستانی ڈوزیئر کا جائزہ لیا جائے گا اوراسے سالانہ رپورٹ میں شامل کیا جاسکتاہے ۔ سالانہ رپورٹ کی تیاری میں دیکھا جائے گا کہ کہاں کہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی ۔وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے امریکہ بھیجے گئے وفد نے امریکی حکام اور اقوام متحدہ کے اہلکاروں سے ملاقاتیں کی تھیں اور کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں سو سے زائد افراد کے قتل اور ہزاروں کے زخمی ہونے سے متعلق دستاویزی رپورٹ پیش کی تھی۔