خبرنامہ کشمیر

انجمن شرعی شیعیان مقبوضہ کشمیرکا کنٹرول لائن پر جاری کشیدگی پر اظہار تشویش

انجمن شرعی شیعیان مقبوضہ کشمیرکا کنٹرول لائن پر جاری کشیدگی پر اظہار تشویش

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ محاذ آرائی کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آغا سید حسن نے بڈگام میں پارٹی کے ایک غیر معمولی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کنٹرول لائن پر جاری کشیدگی اور دونوں اطراف جانوں کے زیاں پر افسوس ظاہر کیا۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ہمسایہ جوہری طاقتوں بھار ت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ حل طلب دیرینہ تنازعہ کشمیر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق پر امن طورپر حل نہیں کرلیاجاتا بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی جاری رہے گی اور جنوبی ایشیاء میں جوہری جنگ کے خطرات منڈلاتے رہے ہیں ۔ آغا سید حسن نے کٹھوعہ میں آٹھ سالہ کم سن آصفہ کی بے حرمتی اور قتل کی بھی شدید مذمت کی ۔انہوں نے کمسن بچی کی آبرو ریزی اور قتل کے سانحہ کی غیر جانبدارنہ تحقیقات اور اس میں ملوث مجرم کوقرارواقعی سزا دینے کا بھی مطالبہ کیا ۔اجلاس میں انجمن شرعی شیعیان کے تمام دیہی ، زونل اور ضلعی صدور و سیکریٹریزنے شرکت کی ۔ اس موقع پرکہاگیا کہ کشمیریوں کے اجتماعی مفادات کیلئے ان کی سیاسی جدوجہد کے شانہ بہ شانہ کردار اداکرنا اور اور مقبوضہ علاقے میں اتحاد ملی کے حوالے سے ذمہ داریوں کی ادائیگی تنظیم کے آئین اساسی کا جْزو لاینفک ہے ۔