خبرنامہ کشمیر

انجینئر رشید کا انتظامیہ کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے جموں خطے کے علاقے کٹھوعہ میں مسلمانوں کی زندگی اور املاک کے تحفظ میں ناکامی پر ضلعی انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کامطالبہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انجینئر رشید نے جموں کے علاقے تالاب کٹھیان میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے جموں وکشمیر میں رائے شماری کے انعقاد کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے ساتھ کیے وعدوں کو پورا کرے۔ ممتاز سماجی کارکن ہلال احمد بیگ نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ جموں کے مسلمانوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرے۔ لوگوں نے اس موقع پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے حق میں اور مسلمانوں پر مظالم کے خلاف نعرے لگائے۔