خبرنامہ کشمیر

اندرابی کی مسلسل گھر میں نظربندی کی شدید مذمت

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں دختران ملت جموں وکشمیر نے پارٹی کی سربراہ آسیہ اندرابی کی بارہمولہ سب جیل سے رہائی کے بعد گھر میں مسلسل نظربندی پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دختران ملت کی سیکرٹری جنرل ناہیدہ نسرین نے ایک بیان میں کہا کہ آسیہ اندرابی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے جیل سے رہائی کے بعد گھر میں نظربند کردیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکام کے اس طریقہ کار سے حریت رہنماء کی ذاتی زندگی متاثر ہوئی ہے۔ناہیدہ نسرین نے کہا کہ گھر میں مسلسل نظربندی جیل میں بند کرنے سے بدتر ہے ۔ انہوں نے آسیہ کے اہلخانہ نے انکی مسلسل نظربندی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس سلسلے میں عدالت سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ آسیہ اندرابی کے اہلخانہ نے انکی غیر قانونی نظربندی کے خلاف ہائی کورٹ جانے کافیصلہ کیا ہے ۔