خبرنامہ کشمیر

انسانی حقوق کی پامالیوں کیخلاف آواز بلند کرتا رہوں گا، قیوم وانی

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں ایمپلائیز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر عبدالقیوم وانی نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ گرفتاریوں اور دیگر اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے انکے حوصلے ہر گز پست نہیں کر سکتی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عبدالقیوموانی نے غیر قانونی نظر بندی سے رہائی کے بعد سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ وہ انسانی حقوق کی پامالیوں، پلیٹ گن کے استعمال ، بے گناہ لوگوں کے قتل اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انکی تنظیم نوکری سے غیر قانون طور پر نکالے گئے ملازمین کی بحالی کیلئے لڑتی رہے گی اور متاثرہ ملازمین کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے اساتذہ کو رات کی ڈیوٹی پر تعینات کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے احکامات اساتذہ کی تذلیل کا باعث ہیں جنہیں کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے اساتذہ پر زور دیاکہ وہ عام لوگوں کے ساتھ ملکر تعلیمی اداروں کی حفاظت یقینی بنائیں ۔ عبدالقیوم وانی نے تعلیمی اداروں کو نذ رآتش کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی گھناؤنی کارروائیوں میں ملوث افراد کشمیریوں کے ہرگز خیر خواہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اساتذہ کے خلاف معاندانہ کارروائیوں کاسلسلہ بند نہیں ہوا تو وہ سڑکوں پر آنے پر مجبور ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری قابض انتظامیہ پر عائد ہو گی۔