خبرنامہ کشمیر

انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردارادا کریں، محمود ساغر

انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردارادا کریں، محمود ساغر
اسلام آباد(ملت آن لائن) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سابق کنوینئروں محمود احمد ساغر اور سید فیض نقشبندی نے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں معصوم شہریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے عالمی رہنماؤں اور انسانی حقوق کے اداروں پر زوردیا کہ وہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں۔ انہو ں نے کہاکہ متنازعہ علاقے میں قتل عام اور پیلٹ گن کا بے دریغ استعمال جاری ہے اور کشمیریوں کو بھارتی فورسز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کی سنگین صورتحال عالمی برادری کے لیے چشم کشا ہونی چاہیے۔ انہو ں نے کہاکہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ شہریوں مصرہ بیگم، طاہرہ اور آصف اقبال کا بہیمانہ قتل اس حقیقت کی گواہی دیتے ہیں کہ بھارت انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ میںیقین نہیں رکھتا۔ انہوں نے معصوم شہریوں کے قتل کو مقبوضہ علاقے میں خوف ودہشت پیدا کرنے کے نئی دہلی کے منصوبے کا حصہ قراردیا۔ محمود ساغر نے کہاکہ یہ حیرت کا مقام ہے کہ معصوم شہریوں کے بہیمانہ قتل کو بے شرمی سے غلط شناخت کے کیس قراردیا جارہا ہے۔ سید فیض نقشبندی نے میر واعظ عمرفاروق اور سید علی گیلانی کی مسلسل نظربندی اور ان کی سیاسی، سماجی اور مذہبی سرگرمیوں پر پابندی لگانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے انسانی حقو ق کونسل سمیت انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زوردیا کہ وہ کشمیر میں جاری لاقانونیت کا نوٹس لیں۔