خبرنامہ کشمیر

اوچھےہتھکنڈوں سےکشمیریوں کےجذبہ آزادی کونہیں دبایا جاسکتا: گیلانی

سرینگر: (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیاوی وجہ مسئلہ کشمیر ہے جس کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوڑ ی واقعے کے بعد بھارتی سیاست دانوں اور میڈیا نے جنگی صورت حال پیدا کر رکھی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حل میں سنجیدہ نہیں ہے اور وہ تنازعہ کو دبانے کی کوشش اور پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزام تراشی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان صورت حال دن بہ دن کشیدہ ہوتی جا رہی ہے جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آگ بھڑکا رہا ہے اور اگر جنگ ہوتی ہے تو پورا خطہ سخت تباہی سے دوچار ہو گا۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ اگر عالمی برادری مشرقی تیمور، جنوبی سوڈان جیسے مسائل حل کراسکتی ہے تو اسے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے بھی آگے آنا چاہیے۔سید علی گیلانی نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں پر امن مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہی ہیں اور عام کشمیری کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے۔ انہوں نے جموں خطے کے علاقے کشتواڑ وغیرہ میں آئمہ مساجد کے خلاف بغاوت کے مقدمات کے اندراج کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے حوصلے ہرگز پست نہیں کیے جاسکے۔ سید علی گیلانی نے حریت ترجمان محمدایاز اکبر اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما نورمحمد کلوال پر کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے نفاذ کی شدید مذمت کی۔ انہو ں نے میر واعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، الطاف احمد شاہ، ایڈووکیٹ زاہد علی ، خرم پرویز اور دیگر کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل نظر بندی کے باعث حریت رہنما محمد اشرف صحرائی کی صحت انتہائی گر چکی ہے ۔ سید علی گیلانی نے شوپیاں میں بھارتی فورسز کی طرف سے پر امن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کے دوران ساتوں جماعت کی طالبہ خوشبو جان کے دل کا دورہ پڑھنے سے جان ہوجانے اور مقبوضہ وادی کے اطراف و اکناف میں بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبایا نہیں جاسکتا۔