خبرنامہ کشمیر

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کا بیان حوصلہ افزاء ہے،شبیر شاہ

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل اورڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چےئرمین شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا بیان حقیقت سے کوسوں دور ہے اور بھارتی رہنما جوکھیل کھیل رہے ہیں وہ سب پر عیاں ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ راج ناتھ سنگھ کو اپنا بیان جاری کرنے سے پہلے کھریو پانپور کے لیکچرار شبیر احمدکے قاتلوں کو عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے اور اس بات کا جواب دینا چاہئے کہ ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ شخص کو کس جرم کی پاداش میں قتل کیا گیاہے۔انہوں نے واضح کیا کہ جموں وکشمیر کے لوگ تعمیر و ترقی یا مراعات کے لئے اپنی جانیں نچھاور نہیں کررہے ہیں بلکہ انہوں نے گزشتہ 70برس سے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے اپنی جنگ جاری رکھی ہوئی ہیں۔ شبیر احمد شاہ نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ایاد امین مدنی کے بیان کو حوصلہ افزا ء قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں مسلم ممالک سے کافی امیدیں وابستہ ہیں کہ وہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں روکنے اور کشمیریوں کا حق خود ارادیت واگزار کرانے کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالیں گے۔