خبرنامہ کشمیر

ایوارڑ یافتہ کشمیری رضاکارانہ طور پر اپنے ایوارڑ بھارت کو واپس کر دیں، شبیر احمد شاہ

سرینگر ۔ 16 اکتوبر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے غیر قانونی طور پر نظر بند سربراہ شبیر احمد شاہ نے مختلف شعبوں میں بھارت کی طرف سے ایوارڑ حاصل کرنے والے کشمیریوں سے اپیل کی وہ قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں مقبوضہ عاقے میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام اور جبر واستبداد کی دیگر کارروائیوں کیخلاف رضاکارنہ طور پر اپنے ایوارڑ واپس کریں ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کشمیری نوجوان اپنا آج قوم کے کل پر قربان کر رہے ہیں اور گزشتہ ستر برس کے دوران کشمیری معاشرے کے ہر طبقے نے تحریک آزادی کی آبیاری کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے مقبوضہ علاقے میں جو کربلا بپا ہے اس کے پیش نظر یہاں کے دانشور ، حساس اور باشعور طبقے کی ذمہ داریاں بھی بڑھ گئی ہیں لہذا حالات کا تقاضا ہے کہ جن کشمیریوں کو بھارت نے مختلف شعبوں میں اعزازات اورایوارڑز سے نوازا ہے ، وہ یہ دونوں چیزیں بھارت کو واپس کر دیں۔ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ اس طرح کے اقدام سے بھارت پر دباؤ بڑھایا جاسکتا ہے کہ وہ خطے میں امن ، ترقی اورخوشحالی کے لیے کشمیریوں کے ساتھ اپنے وعدے پورے کرتے ہوئے انہیں انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دے۔ شبیر احمد شاہ نے عمر عبداللہ ،غلام محمد میر ،حکیم یٰسین ،غلام حسن میر ،محمد یوسف تاریگامی اور دیگر بھارت نواز کشمیری سیاست دانوں سے بھی اپنی یہ اپیل دہرائی کہ وہ نام نہاد اسمبلی سے مستعفی ہوکر عوامی تحریک میں شمولیت اختیار کریں۔شبیراحمد شاہ نے کہا کہ اگر یہ لوگ بھی مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں تو انہیں آزادی پسندوں کی صفوں میں شامل ہونا چاہیے ۔شبیر احمد شاہ نے مقبوضہ وادی کے اقلیتی طبقوں باالخصوس سکھوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انھوں نے وادی کے مسلمانوں کے شانہ بشانہ رہ کر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ بھی مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے سلسلے میں سنجیدہ ہیں اوروہ اس سلسلے میں پیش پیش ہیں ۔انھوں نے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے دئے گئے پروگراموں پر من و عن عمل کرتے ہوئے اتحاد و یکجہتی کا بھر پور مظاہرہ کریں۔