خبرنامہ کشمیر

بارایسوسی ایشن کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں قتل عام کی شدید مذمت

سرینگر: (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھارتی فورسز کی طرف سے ضلع اسلام آباد کے علاقے سیر ہمدان میں نصیر احمد کے قتل اوایک خاتون سمیت دو سے زائد بے گناہ شہریوں کو زخمی کئے جانے کی شدید مذمت کی ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بار کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ فورسز کے اہلکاروں نے رات کے وقت گھروں میں زبردستی داخل ہو کر لوگوں کو بھارت سے آزادی کا مطالبہ کرنے پر گھروں سے باہر نکال کر تشدد کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے 15 سالہ آصف مجید ناگو کے جاں بحق ہونے کی بھی مذمت کی جو زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے گزشتہ روز سرینگر کے ایک ہسپتال میں چل بسا ۔ آصف مجید اتوار کو شوپیان میں بھارتی فورسز کے ظلم و تشدد کی وجہ سے زخمی ہو گیا تھا۔ ترجمان نے پاکستان کے بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے حالیہ بیان کا بھی خیرمقدم کیا جس میں انہوں نے مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل کرنے اور کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے پاکستانی نو عمر نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے کشمیر بارے حالیہ بیان کا خیرمقدم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں اقوام متحدہ کو کشمیر کے بارے میں اپنی 28 قراردادوں پراسی طرح عمل درآمد کرانا چاہیے جیسا کہ عالمی ادارے نے مشرقی تیمور ، سوڈان اور دنیا کے دیگر علاقوں کے بارے میں عمل کیا ہے۔