خبرنامہ کشمیر

بارہمولہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی طرف سے کشمیری صحافی کی گرفتاری کی شدید مذمت

سرینگر ۔(ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں بارہمولہ ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے بھارتی پولیس کی طرف سے کشمیری صحافی آصف سلطان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بارہمولہ ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کا ایک غیر معمولی اجلاس ایسوسی ایشن کے دفتر میں منعقد ہوا۔اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر گلزاحمد زرگر نے آصف سلطان پر عائد کئے گئے تمام جھوٹے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ صحافیوں کو ہراساں اورگرفتارکرنا ریاست کے چوتھے ستون پر حملہ ہے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں صحافیوں کو آزادانہ طور پر کام کرنے کی اجازت ہونی چاہیے تاہم قابض انتظامیہ اور بھارتی فورسز کی طرف سے انہیں مسلسل پریشان کیا جارہا ہے۔گلزار احمد زرگرنے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ یک آواز ہو کر آصف سلطان کی رہائی کا مطالبہ کریں۔ یاد رہے کہ آصف سلطان کو عدالت نے 22ستمبر تک جوڈیشل حراست پر دے رکھا ہے ۔