خبرنامہ کشمیر

بجٹ میں پسماندہ علاقوں کو ترجیح دی جائے

مظفرآباد (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے آمدہ بجٹ میں عوامی ضروریات کے مطابق تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ بجٹ میں پسماندہ علاقوں کو ترجیح دی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ جات کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اب بجٹ دفاتر میں بیٹھ تیار نہیں ہوگا۔میں خود سارے عمل کی نگرانی کروں گا۔اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر قدرتی وسائل سے مالا مال خطہ ہے اور اس کی خوبصورت کو بحال رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ہم ایسے منصوبہ جات تشکیل دے رہے ہیں کہ جن سے نہ صرف خطہ میں ترقی ہو تو خطہ کا قدرتی حسن بھی برقرار رہے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حوالہ سے علاقائی ضروریات کو مد نظر رکھ کر منصوبہ جات تیار کرے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اقدامات سے بہتری نظر آئے گی اور اس سلسلہ میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔کمیونٹی انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ پروگرام سے عوام کہ مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی اور اس کی مانیٹرنگ کا بھی موثر بندوبست موجود ہے ۔کام کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں اور نہ ہی کسی کو کرپشن کرنے کی جرات ہے