خبرنامہ کشمیر

برزلہ میں بھارتی پولیس کے مظالم کی مذمت

سرینگر ۔ 24 اکتوبر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں دختران ملت نے سرینگر کے علاقے برزلہ میں بھارتی پولیس کی طرف سے نصف شب کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس نے علاقے میں چھاپہ مار کر 12 افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دختران ملت کی ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ پولیس نے نجی املاک کی توڑ پھوڑ اور خواتین کو ہراساں کیا، پولیس نے بچوں سمیت لوگوں کا زدوکوب کیا اور خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے رات کو آنسو گیس کی شیلنگ سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال بھی کیا۔انہوں نے کہاکہ نئی دلی کی کٹھ پتلیاں خواتین کے حقوق کی تبلیغ کر رہی ہیں۔تاہم بھارتی پولیس کشمیری خواتین پر ظلم ڈھا رہی ہے اورانہیں گرفتار کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ فورسز نے الیکٹرانک اشیاء سمیت گھریلو سامان ، زیورات اور دیگر مہنگی اشیاء لوٹ لیں، بہت سی خواتین کے کپڑے پھاڑ دے، یہاں تک کہ موبائیل فونز بھی چھین لے اور لوگوں کو نماز کے لیے جانے کی اجازت نہ دی ۔بھارتی فوجیوں نے کشمیر میں مظالم کی انتہا کردی ہے۔دریں اثناء دختران ملت کی سیکرٹری جنرل ناہیدہ نسرین نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کے بیٹے سیدنسیم گیلانی کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس گیلانی صاحب کے جذبہ حریت کو توڑنے کیلئے ان کے خاندان کے اراکین کو گرفتار کررہی ہے۔