خبرنامہ کشمیر

برسلز، کشمیر کونسل یورپی یونین کنن پوشپورہ المناک واقعے کے حوالے سے آگاہی مہم چلائے گی

بھارتی پولیس کی حراست

برسلز، کشمیر کونسل یورپی یونین کنن پوشپورہ المناک واقعے کے حوالے سے آگاہی مہم چلائے گی

برسلز (ملت آن لائن) کشمیرکونسل یورپی یونین نے مقبوضہ کشمیر میں ضلع کپواڑہ کے علاقے کنن پوشپورہ میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے خواتین کی اجتماعی آبروریزی کے المناک واقعے کے حوالے سے دو ہفتوں پر محیط ایک آگاہی مہم شروع کر دی ہے۔ بھارتی فوجیوں نے 1991میں 23فروری کی رات کو کنن پوشپورہ میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائی کے دوران 100کے قریب خواتین کی اجتماع آبرو ریزی کی تھی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے برسلز میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کنن پوشپورہ کے دلدوز واقعے کو اجاگر کرنے کیلئے 23فروری سے شروع ہونے والی آگاہی مہم آٹھ مارچ تک جاری رہیگی۔انہوں نے کہا کہ گرچہ اس واقعے کو گزرے ستائیس برس ہوگئے لیکن اس بھیانگ اور انسانیت سوز واقعے کی متاثرہ خواتین اس وقت بھی دکھ والم کی تصویر بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران سمیناروں، کانفرنسوں اور ملاقاتوں کے ذریعے یورپی یونین کے حکام ،یورپی پارلیمنٹ کے اراکین اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو اس واقعے کے بارے میں معلومات فراہم کی جا ئیں گی۔مہم کے اختتامی مرحلے میں اٹھ مارچ کو یورپی پارلیمنٹ میں تحریک آزادی کشمیر میں خواتین کے کردار کے حوالے سے کانفرنس منعقد ہوگی جس میں جنسی زیادتی اور تشدد کا شکار بننے والی خواتین کی ذہنی کیفیت کی بحالی کے لیے اقدامات پر زور دیاجائے گا اور تحریک آزادی میں کشمیری خواتین کی جدوجہد کو اجاگر کیاجائے گا۔علی رضاسید نے کہا نے کہ اس مہم سے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا ہوگی جبکہ ا س مہم کے ذریعے مقبوضہ کشمیرمیں ماورائے عدالت قتل عام، نہتے لوگوں پر پیلٹ گن کا بے دریغ استعمال اور اس طرح کے دیگر ظالمانہ بھارتی اقدامات کو دنیا کے سامنے لانے میں بھی مدد ملے گی۔