خبرنامہ کشمیر

برہان مظفر وانی شہید پوری امت اور نوجوانوں کا ہیرو ہے،سینیٹرسراج الحق

اسلام آباد( آئی این پی) کشمیر انفارمیشن اینڈ ریسرچ سینٹر(KIRC)کے زیر اہتمام حزب المجاہدین آپریشنل کمانڈربرہان مظفروانی شہید کا کیلنڈر تیار کیا گیا جو پورے پاکستان میں تقسیم کیا جا رہا ہے ،اس کیلنڈر کو امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر و سرپرست اعلیٰ کشمیر انفارمیشن اینڈ ریسرچ سینٹر عبدالرشید ترابی اور ڈائریکٹر کشمیر انفارمیشن اینڈ ریسرچ سینٹر نورالباری نے قومی قائدین میں تقسیم کیا ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آزاد ریاست جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ برہان مظفر وانی میری پسندیدہ ہیں انہوں نے تحریک انتفاضہ کو نئی طرح دی ،انہوں نے پہلی مرتبہ بحیثیت مجاہد کے اپنے چہرے سے نقاب اتار کر مزاحمت کی اور بھارت کے مکروہ چہرے سے بھی نقاب اتروا دیا اور پوری دنیا نے یہ تسلیم کیا کہ کشمیریوں کی تحریک ان کی اپنی آزادی کی تحریک ہے اس کے پیچھے ہمدردی کے سوا کوئی اور عنصر شامل نہیں ہے ،جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ برہان مظفر وانی نے محمد بن قاسم اور صلاح الدین ایوبی کا کردار ادا کیا ہے اور وہ نوجوانوں کے ہیرو ہیں ،اس وقت اس سروے کے مطابق وہ دنیا کی 20اہم بااثر شخصیات میں سر فہرست ہیں انہوں نے کہا کہ نوجوان ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی آزادی کی منزل کو کامیابی سے ہمکنارکریں ،جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ پوری دنیا میں ہندوستان کے اصل چہرے کو برہان مظفروانی نے بے نقاب کیا اور کشمیریوں کی تحریک کو اپنی تحریک تسلیم کروایا،برہان مظفر وانی کشمیریوں کے ہیرو ہیں ان کی قربانی کے نتیجے میں تحریک انتفاضہ پوری قوت اور نئی جہد سے شروع ہو چکی ہے یہ کامیابی کی منزل سے ہمکنار ہونے تک جاری رہے گی ،اس موقع پر شاہ محمود قریشی ،عبدالغفور حیدری،حامد میر،لیاقت بلوچ ،میاں اسلم،عنایت اللہ شمالی،مولانا سعید یوسف سمیت دیگر قائدین نے برہا ن مظفر وانی شہید کو خراج تحسین پیش کیا۔