خبرنامہ کشمیر

بچوں کی خاطر بے وفائی نہیں کرسکتا، صلاح الدین

بچوں کی خاطر بے وفائی نہیں کرسکتا، صلاح الدین

سرینگر: (ملت آن لائن) متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے گھر پر چھاپے اور بیٹے سید شاہد یوسف کی گرفتاری پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت اور اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ انہیں انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے مقبوضہ علاقے میں ان کے اہلخانہ کوظلم و ستم کا نشانہ بنارہی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید صلاح الدین نے مظفرآباد سے ٹیلی فون پر مقامی روزنامے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے 28برس قبل اپنے اہل خانہ کوخدا کے سپرد کرکے تحریک آزادی کی راہ اختیارکی تھی اورتب سے لیکر آج تک ان کی تربیت و پرورش میں ان کا کوئی کردار نہیں، وہ جو کچھ بھی ہیں اور انہوں نے جو کچھ بھی حاصل کیا ہے یہ ان کی ذاتی کاوش اور ان کی مرحوم بہادروالدہ کی سرپرستی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس نازک مرحلے پر اپنے اہل خانہ کی کوئی مدد نہیں کرسکتے اور ناہی وہ اپنے بچوں کی خاطرکشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کے ساتھ بے وفائی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ ظلم وبربریت کی صورتحال میں اپنے اہل خانہ کو صبرو استقامت کا مظاہرہ اور اللہ کی طرف رجوع کرنے اور مدد مانگنے کی تاکیدی وصیت کرتے ہیں۔ ادھرنئی دہلی کی ایک عدالت نے سید صلاح الدین کے بیٹے سید شاہد یوسف کو عدالتی ریمانڈ پر تہاڑ جیل بھجوادیاہے۔ سید شاہد یوسف کو بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے 24 اکتوبر کو نئی دہلی میں اپنے ہیڈ کوارٹر پر طلب کرنے کے بعد گرفتار کرلیا تھا اور تب سے وہ این آئی اے کی حراست میں تھے۔انہیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنزجج پونم اے بمبا کی عدالت میں پیش کیاگیا ۔اس موقع پر این آئی اے کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ شاہد یوسف سے مزید تفتیش کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ جس کے بعد انہیں27 نومبر تک عدالتی تحویل میں رکھنے کے احکامات صادرکرتے ہوئے تہاڑ جیل منتقل کردیاگیا ۔